سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت دفاع کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کے تحت فضائی طبی انخلا کا شعبہ اس سال حج سیزن 1447ھ میں چار مکمل طور پر لیس طیاروں کے ساتھ شریک ہے۔

ان طیاروں کا مقصد ضیوف الرحمن کو اعلیٰ معیار کی ہنگامی طبی خدمات فراہم کرنا اور حرم اور مشاعر مقدسہ کے مراکز سے مریضوں کو موزوں طبی اداروں تک منتقل کرنے میں مدد دینا ہے۔ یہ کام چوبیس گھنٹے جاری رہنے والے ایک جامع اور مربوط منصوبے کے تحت کیا جا رہا ہے۔

یہ طیارے مشاعر مقدسہ میں قائم فیلڈ اسپتالوں، طبی اور ایمرجنسی مراکز کے ساتھ براہ راست رابطے میں کام کرتے ہیں تاکہ فوری ردعمل اور بروقت طبی نگہداشت یقینی بنائی جا سکے۔

فضائی طبی انخلا کا بیڑا وزارت دفاع کی مربوط طبی خدمات کے تحت مملکت کے اندر اور باہر بھی مریضوں کی منتقلی کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

حج کے رش والے دنوں میں شدید بیمار حجاج کے لیے فضائی منتقلی اسپتال تک پہنچنے کا وقت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔