سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے ذریعے جاری بیان کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے مکہ مکرمہ ریجن میں ایک مجرم پر حرابہ (راہزنی اور زمین میں فساد پھیلانے) کی حد کے تحت سزائے موت پر عملدرآمد کا اعلان کیا ہے۔ بیان کا آغاز حرابہ کی سزا سے متعلق قرآن کریم کی ایک آیت سے کیا گیا۔
وزارت کے مطابق سعودی شہری محمد بن اکرم بن محمد بادکوک نے مختلف اوقات میں تین خواتین کو ورغلا کر ایک ویران جگہ لے جا کر لوٹا، ان میں سے ایک کے ساتھ زیادتی کی، دوسری سے زیادتی کی کوشش کی اور ایک کو قتل کر دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی اداروں نے ملزم کو گرفتار کیا اور تفتیش کے بعد اس پر فرد جرم عائد کی گئی۔ متعلقہ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر قرار دیا کہ اس کا عمل حرابہ اور زمین میں فساد کے زمرے میں آتا ہے، کیونکہ اس نے عزت و مال پر حملہ کیا اور ایک بے گناہ جان لی۔ اپیل میں توثیق کے بعد فیصلہ حتمی ہوا اور شاہی فرمان کے ذریعے سزا پر عملدرآمد کا حکم دیا گیا۔
وزارت کے مطابق سزا پر عملدرآمد ہفتہ 22/4/1448 ہجری، بمطابق 3/10/2026 کو مکہ مکرمہ ریجن میں کیا گیا۔
وزارت نے کہا کہ سعودی حکومت امن و امان کے قیام، انصاف کی فراہمی اور بے گناہ لوگوں پر حملہ کرنے والوں پر اسلامی شریعت کے احکام نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور خبردار کیا کہ ایسے جرائم کا ارادہ رکھنے والا ہر شخص شرعی سزا کا سامنا کرے گا۔
