سعودی عرب میں آٹزم کے شکار افراد کے خاندانوں کی تنظیم جمعیت اسر التوحد نے وزارت بلدیات و ہاؤسنگ کی سرپرستی میں ’جامع ماحولیاتی زراعت‘ کے نام سے ایک اقدام شروع کیا ہے جسے ’ننھا کسان‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اسے مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام قرار دیا گیا ہے، جس میں زرعی سرگرمیوں کو آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر کے شکار افراد کی تعلیم اور بحالی کا ذریعہ بنایا گیا ہے۔
اس کا مقصد حرکی مہارتوں اور بصری ہم آہنگی کو فروغ دینا، ذہنی، ابلاغی اور سماجی صلاحیتوں کو بڑھانا اور خود اعتمادی، خود انحصاری اور کامیابی کے احساس کو مضبوط کرنا ہے۔ سرگرمیاں ہر شریک کی صلاحیت اور ضرورت کے مطابق ترتیب دی گئی ہیں۔
پہلا مرحلہ ریاض ریجن کے الدانہ پارک سے شروع ہو رہا ہے، جس کے بعد یہ بالترتیب مشرقی صوبے، عسیر اور شمالی سرحدی علاقے اور آخرکار مملکت کے تمام 13 علاقوں تک پہنچے گا۔ دو ماہ پر مشتمل یہ پروگرام لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے لیے ہے۔
تنظیم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ سعود بن عبدالعزیز بن فرحان نے کہا کہ یہ اقدام آٹزم کے شکار افراد کی صلاحیتیں نکھارنے اور انہیں اپنی قابلیت کے اظہار کا موقع دینے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، اور یہ ایک زیادہ جامع معاشرے کی تعمیر میں مدد دے گا۔
اقدام کو پائیدار بنانے کے لیے تنظیم نے ایک عملی رہنما کتابچہ بھی جاری کیا ہے، تاکہ مختلف علاقوں کے ڈے کیئر مراکز اور متعلقہ ادارے تنظیم کی نگرانی میں یکساں فریم ورک کے تحت اس پر عمل کر سکیں۔
