سعودی عرب کی زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی (زاٹکا) کے مطابق ملک کی زمینی، بحری اور فضائی کسٹمز چوکیوں نے ایک ہفتے کے دوران ممنوعہ اشیا کی ضبطی کے 1126 کیس ریکارڈ کیے۔ یہ کارروائیاں سکیورٹی کو مضبوط بنانے اور معاشرے کو ہر قسم کی ممنوعہ اشیا سے محفوظ رکھنے کی اتھارٹی کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں۔
ضبط شدہ اشیا میں منشیات کی 35 اقسام شامل تھیں، جن میں چرس، کوکین، ہیروئن، آئس (شبو) اور کیپٹاگون کی گولیاں نمایاں ہیں، جبکہ 300 دیگر ممنوعہ اشیا بھی پکڑی گئیں۔
کسٹمز حکام نے تمباکو اور اس کی مصنوعات سے متعلق 810 کیس اور نقد رقوم سے متعلق 8 کیس بھی ناکام بنائے۔
زاٹکا نے کہا کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل تعاون اور رابطے کے ذریعے مملکت کی درآمدات اور برآمدات پر سخت کسٹمز نگرانی جاری رکھے گی تاکہ معاشرے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معاشرے اور قومی معیشت کے تحفظ کے لیے اسمگلنگ کے خلاف کردار ادا کریں اور سکیورٹی رپورٹس کے لیے مخصوص نمبر 1910، ای میل 1910@zatca.gov.sa یا بین الاقوامی نمبر 009661910 پر اطلاع دیں۔ اسمگلنگ اور یونیفائیڈ کسٹمز قانون کی خلاف ورزیوں سے متعلق اطلاعات مکمل رازداری سے وصول کی جاتی ہیں، اور معلومات درست ثابت ہونے پر اطلاع دینے والے کو مالی انعام دیا جاتا ہے۔
