دمام کے شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کسٹمز نے 40,000 نشہ آور ایمفیٹامین گولیوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ گولیاں مملکت آنے والے ایک ڈاک پارسل میں چھپائی گئی تھیں۔
زکوٰۃ، ٹیکس و کسٹمز اتھارٹی کے ترجمان حمود الحربی نے بتایا کہ کسٹمز کارروائی کے دوران سکیورٹی ٹیکنالوجی اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے معائنے میں یہ گولیاں "شیشے کے گلاسوں" والے پارسل سے برآمد ہوئیں۔
الحربی کے مطابق ضبطی کے بعد انسداد منشیات کے محکمہ عام سے رابطہ کیا گیا اور مملکت کے اندر یہ کھیپ وصول کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ اتھارٹی وزارت داخلہ اور انسداد منشیات کے محکمہ عام کے تعاون سے اپنی تمام کسٹمز چوکیوں پر درآمدات و برآمدات کی نگرانی سخت کر رہی ہے تاکہ معاشرے کو تحفظ دیا جا سکے۔
اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اسمگلنگ کی اطلاع سکیورٹی ہاٹ لائن 1910، ای میل 1910@zatca.gov.sa یا بین الاقوامی نمبر 009661910 پر دیں۔ اطلاعات مکمل طور پر خفیہ رکھی جاتی ہیں اور درست معلومات پر مالی انعام دیا جاتا ہے۔ مملکت میں مقیم افراد بھی ان خفیہ ذرائع سے مشتبہ اسمگلنگ کی اطلاع دے کر معاشرے کے تحفظ میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
