قصیم ریجن کے گورنر شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں قصیم انٹرپرینیورشپ فورم ”ریاد 26“ 12 سے 15 اکتوبر تک بریدہ شہر کے شاہ خالد تہذیبی مرکز میں منعقد ہوگا۔ اس میں سرکاری، نجی، مالیاتی اور کاروباری شعبے کی معاونت کرنے والے 95 سے زائد ادارے حصہ لے رہے ہیں۔
فورم میں مرد و خواتین کاروباری افراد، موجد، سرمایہ کار اور منصوبوں کے مالکان ورکشاپس، مذاکراتی نشستوں اور نمائشوں کے ذریعے یکجا ہوں گے۔ اس کا مقصد کاروباری افراد کو معاون اداروں سے جوڑنا، تجربات کا تبادلہ کرنا اور منصوبوں کی ترقی کے لیے دستیاب مالی و مشاورتی خدمات سے آگاہ کرنا ہے۔ شرکا میں شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل چیئر برائے مصنوعی ذہانت بھی شامل ہے۔
فورم میں ”مشروعک“ (آپ کا منصوبہ) کے نام سے ایک پویلین ہوگا جہاں نئے آئیڈیاز رکھنے والے ماہرین اور مشیروں سے مل کر معاونت کے راستوں سے واقف ہو سکیں گے اور اپنے خیالات کو قابلِ عمل منصوبوں میں بدل سکیں گے۔ ساتھ ہونے والے ہیکاتھون میں 250 سے زیادہ ٹیمیں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اختراعی حل پیش کریں گی۔
فورم کا ہدف قصیم میں کاروباری ماحول کو فروغ دینا، چھوٹے و درمیانے اداروں اور اسٹارٹ اپس کو بااختیار بنانا اور نئی شراکت داریوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کی راہ ہموار کرنا ہے، جو سعودی ویژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
فورم صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اور شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔

