سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز اور بحرین کے وزیر داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے سعودی بحرینی رابطہ کونسل کی سیکیورٹی کوآرڈینیشن کمیٹی کے پانچویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ یہ اجلاس خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات کی روشنی میں دونوں ملکوں کے موجودہ سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ملکوں کے تاریخی تعلقات کو مختلف شعبوں میں تعاون کی مثال قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کا مقصد مشترکہ سیکیورٹی امور میں ہم آہنگی بڑھانا، علاقائی چیلنجز سے نمٹنا اور منامہ میں سعودی ولی عہد اور بحرین کے ولی عہد و وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والے رابطہ کونسل کے چوتھے اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینا ہے۔
وزیر داخلہ نے طے شدہ اقدامات پر کام کرنے والی دونوں ملکوں کی ٹیموں کو سراہا، جن میں سائبر سیکیورٹی میں تعاون اور نوجوانوں میں انتہا پسندانہ سوچ کے پھیلاؤ کی روک تھام شامل ہیں۔
اجلاس میں دونوں ملکوں میں ون اسٹاپ نظام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا گیا، جس کا مقصد شاہ فہد پل سے گزرنے والے مسافروں کے لیے کارروائی آسان بنانا ہے۔
ایجنڈے کے نکات پر غور کے بعد دونوں وزرا نے پانچویں اجلاس کی کارروائی پر دستخط کیے۔ اجلاس میں دونوں جانب سے کئی اعلیٰ حکام اور سیکیورٹی قائدین شریک ہوئے۔


