مدینہ منورہ کے احد ہسپتال میں ریٹینا اور ویٹریس سرجری کی ماہر طبی ٹیم نے حج کی ادائیگی کے لیے آنے والی ایک الجزائری خاتون کی بینائی بحال کر دی۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق فوری طبی مداخلت سے ان کی دائیں آنکھ بچا لی گئی اور دیکھنے کی صلاحیت واپس آ گئی۔

مدینہ ہیلتھ کلسٹر نے بتایا کہ خاتون کو ایمبولینس کے ذریعے احد ہسپتال کے شعبۂ ایمرجنسی لایا گیا، جہاں وہ دائیں آنکھ کی بینائی اچانک ختم ہو جانے کی شکایت کر رہی تھیں۔ طبی معائنے، ریٹینا کی خصوصی امیجنگ اور الٹراساؤنڈ سے ریٹینا کے شدید طور پر الگ ہو جانے کی تشخیص ہوئی، جس کے لیے فوری علاج ناگزیر تھا۔

کلسٹر کے مطابق طبی ٹیم نے فوراً ایک باریک آپریشن کا فیصلہ کیا، جس میں آنکھ کا ویٹریس مادہ مکمل طور پر نکالا گیا، خوردبین کے ذریعے ریٹینا کے شگافوں کی درست نشاندہی کی گئی اور ریٹینا کو اس کی قدرتی جگہ پر واپس لایا گیا۔ شگافوں کا لیزر سے علاج کیا گیا اور ریٹینا کو مستحکم رکھنے کے لیے سلیکون آئل داخل کیا گیا۔

آپریشن کے بعد خاتون کی بینائی میں نمایاں بہتری آئی اور دائیں آنکھ سے دیکھنے کی صلاحیت بحال ہو گئی۔ وہ مستحکم حالت میں ہسپتال سے فارغ ہو کر مناسکِ حج کی ادائیگی کے لیے مشاعرِ مقدسہ روانہ ہو گئیں۔

کلسٹر نے کہا کہ یہ کامیابی مدینہ منورہ کے طبی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جدید علاج کی سہولتوں کی عکاس ہے، جو ضیوف الرحمٰن کو ہنگامی اور خصوصی طبی نگہداشت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں تاکہ وہ اپنا ایمانی سفر صحت اور اطمینان کے ساتھ مکمل کر سکیں۔