سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مدینہ منورہ میں قائم شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس نے سال 2026 کی تیسری سہ ماہی کے دوران دنیا کے 33 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے پانچ لاکھ سے زیادہ زائرین کا استقبال کیا۔ ایجنسی کے مطابق یہ تعداد عمرہ زائرین اور مسجد نبوی ﷺ آنے والوں کے لیے اس ادارے کی نمایاں حیثیت کی عکاسی کرتی ہے۔

دورے کے دوران زائرین نے قرآن مجید کی طباعت کے مختلف مراحل کا قریب سے مشاہدہ کیا اور کمپلیکس کے مربوط نظامِ کار اور ڈیجیٹل پرنٹنگ سمیت جدید طباعتی ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہیں ان مراحلِ نظرثانی و تصحیح سے بھی آگاہ کیا گیا جن سے کمپلیکس کی ہر اشاعت گزرتی ہے۔

زائرین کو مختلف سائز اور مختلف قرآنی روایات میں شائع ہونے والے مصاحف کے علاوہ دنیا کی متعدد زبانوں میں قرآن کریم کے معانی کے تراجم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

ایس پی اے کے مطابق کمپلیکس کو سعودی قیادت کی خصوصی سرپرستی حاصل ہے، جو قرآن کریم کی خدمت کے حوالے سے مملکت کے دیرینہ عزم کا تسلسل ہے، اور اس کی مطبوعات دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں تک پہنچتی ہیں۔

کمپلیکس ہفتے کے تمام دن صبح اور شام دو اوقات میں زائرین کے لیے کھلا رہتا ہے، جس سے مدینہ منورہ آنے والے پاکستانی عمرہ زائرین بھی اپنے سفر کے دوران اس قرآنی ادارے کو دیکھ سکتے ہیں۔