سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مکہ مکرمہ ہیلتھ کلسٹر نے طلبہ و طالبات کی اسکولوں میں واپسی کے موقع پر "تعلّم بصحۃ" یعنی "صحت کے ساتھ تعلیم" کے نام سے مہم شروع کی ہے، جس کا مقصد طلبہ اور ان کے والدین میں صحت سے متعلق شعور بڑھانا اور ایسی عادات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو تعلیمی سال کے صحت مند اور محفوظ آغاز میں مددگار ہوں۔
کلسٹر کے مطابق مہم کئی طبی موضوعات پر مرکوز ہے، جن میں ابتدائی طبی معائنے کی اہمیت، ویکسینیشن کی تکمیل، جسمانی سرگرمی، ذاتی صفائی، صحت مند عادات اور طلبہ کی ذہنی صحت کا فروغ نمایاں ہیں۔
مہم کے تحت متعدد آگاہی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، سوشل میڈیا اور کلسٹر کے طبی مراکز میں نصب ڈیجیٹل اسکرینوں پر صحت سے متعلق مواد نشر کیا جائے گا تاکہ طلبہ اور والدین تک اسکول کے ماحول سے متعلق صحت مند طریقوں کی معلومات پہنچ سکیں۔
کلسٹر نے کہا کہ یہ مہم بیماریوں سے بچاؤ کو فروغ دینے، معاشرے میں صحت کا شعور بڑھانے اور طلبہ میں صحت مند رویے اپنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، تاکہ ان کی تعلیم کا آغاز صحت مند اور محفوظ ہو اور معیار زندگی بہتر ہو۔
کلسٹر کے مطابق یہ مہم اس کی سابقہ آگاہی کوششوں کا تسلسل ہے جن کا مقصد خاندانوں کو تعلیمی مراحل کے دوران بچوں کی صحت کے تحفظ میں مدد دینا ہے۔ مکہ مکرمہ میں مقیم پاکستانی خاندان بھی نئے سیشن سے پہلے بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہونے کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
