سعودی عرب کی پبلک سکیورٹی نے تصدیق کی ہے کہ حج سے متعلق وہ انتظامات پیر 25 شوال 1447 ہجری بمطابق 13 اپریل 2026 سے نافذ ہو رہے ہیں جن کے تحت مکہ مکرمہ شہر میں داخل ہونے کے خواہش مند مقیم افراد کو متعلقہ حکام سے اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہے۔
پبلک سکیورٹی کے مطابق جن کے پاس مقدس دارالحکومت میں داخلے کا اجازت نامہ نہیں ہوگا انہیں داخلے سے روک دیا جائے گا۔
یہ انتظامات اس سال 1447 ہجری کے حج کے لیے ان افراد پر لاگو ہوں گے جن کے پاس متعلقہ ادارے کا جاری کردہ مشاعر مقدسہ میں کام کا داخلہ اجازت نامہ، مکہ مکرمہ سے جاری اقامہ (ہویہ مقیم) یا حج پرمٹ نہ ہو۔
پبلک سکیورٹی نے بتایا کہ حج سیزن میں کام کرنے والے مقیم افراد کے لیے مکہ داخلہ اجازت نامے "ابشر افراد" پلیٹ فارم اور "مقیم" پورٹل کے ذریعے آن لائن جاری کیے جاتے ہیں، جو حج پرمٹ کے متحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم "تصریح" سے منسلک ہیں۔
مکہ مکرمہ سے باہر رہنے والے اور کام یا ذاتی وجوہات کی بنا پر وہاں جانے والے مقیم افراد کو سفر سے پہلے اپنی دستاویزات کی صورتحال جانچ لینی چاہیے۔
