سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کی پولیس نے افغان اور پاکستانی شہریت رکھنے والے 18 مقیمین کو گرفتار کیا ہے جن پر اقامے، نسک کارڈ اور حج کے کڑے (رسٹ بینڈ) جعلی بنانے کے فوجداری واقعات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
تمام افراد کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور معاملہ پبلک پراسیکیوشن کو بھیج دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی چند افراد کے خلاف ہے اور اس کا تعلق کسی پوری برادری سے نہیں۔
محکمہ امنِ عامہ نے سب سے حج کے قوانین اور ہدایات کی پابندی کی اپیل کی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 پر اور مملکت کے دیگر علاقوں میں 999 پر دی جا سکتی ہے۔
نسک کارڈ اور حج کڑے مشاعر مقدسہ میں داخلے اور خدمات کے لیے سرکاری شناخت کا ذریعہ ہیں، اس لیے مقیمین انہیں صرف مجاز ذرائع سے ہی حاصل کریں۔
