مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے دفاعی افواج کے سربراہ اور چیفس آف جنرل اسٹاف کا اجلاس ریاض میں منعقد ہوا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی عسکری قیادت بھی شریک تھی۔
شرکا نے مملکت کو درپیش سلامتی کی صورتحال اور خطرات کا جائزہ لیا اور مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کے شہری و اقتصادی بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے شہریوں، مقیم افراد اور ملکی سلامتی کے تحفظ میں سعودی مسلح افواج کی چوکسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
اجلاس میں تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے، انٹیلی جنس تعاون، عسکری رابطہ کاری اور صلاحیتوں کے انضمام پر غور کیا گیا تاکہ دفاعی قوت اور اجتماعی دفاع کو مضبوط بنایا جا سکے۔ شرکا نے تینوں ممالک کے عوام اور افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی اعتماد کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ریاض اجلاس ان کی دفاعی شراکت داری کی مضبوطی اور معاہدے کے وعدوں کو فوری طور پر مؤثر عسکری تعاون میں ڈھالنے کے عزم کا مظہر ہے، اور سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے اجتماعی دفاع کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
