سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق سعودی قومی دن کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ فضائی اور فوجی شوز آج ریاض کے شمال میں ملہم میں واقع ریاض نمائش و کانفرنس مرکز میں اختتام پذیر ہوگئے۔ دو دن تک جاری رہنے والی ان تقریبات میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ متعدد فوجی اور سول اداروں نے حصہ لیا۔

شائقین صبح سویرے ہی پرچم اور قیادت کی تصاویر اٹھائے نمائش گاہ پہنچنا شروع ہوگئے۔ انہیں فوجی گاڑیوں اور سازوسامان کو قریب سے دیکھنے اور اہلکاروں کے ساتھ یادگار تصاویر بنوانے کا موقع ملا۔ تقریب کا آغاز رائل گارڈ پریذیڈنسی کی گارڈ آف آنر بٹالین کی جانب سے شاہی ترانے کی دھن سے ہوا، جس میں گھڑسوار دستے اور مختلف گاڑیوں پر مشتمل قافلے نے بھی شرکت کی۔

فضائی مظاہروں میں سیکیورٹی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں، وزارت نیشنل گارڈ کے 'بلیک ہاک' ہیلی کاپٹروں اور بری و بحری افواج کے طیاروں نے حصہ لیا۔ الاولیٰ ایوی ایشن کا 'لیونارڈو' ہیلی کاپٹر، قومی دن کے شعار 'ہماری عزت ہماری فطرت میں ہے' کے بینر اٹھائے سعودی ایوی ایشن کلب کے طیارے اور ریاض ایئر کا ایک بوئنگ 787 بھی شو میں شامل تھا۔

'سعودی ہاکس' ٹیم کے مظاہرے سب سے نمایاں رہے۔ ٹیم نے 'ڈھال' فارمیشن اور آسمان پر مملکت کا قومی نشان بنانے والی 'دو تلواریں اور کھجور کا درخت' فارمیشن پیش کی، جس کے ذریعے ٹیم اس سے پہلے آسمان پر بنائے گئے سب سے بڑے قومی نشان کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنا چکی ہے۔ ٹیم نے 'شاہین' فارمیشن، 'جبل طویق' کرتب اور 'ڈبل سورڈ' کرتب بھی دکھایا جس میں دو طیارے تیز رفتاری سے آمنے سامنے آکر آخری لمحے میں الگ ہو جاتے ہیں۔

'دھماکہ' کرتب میں ٹیم کے ساتوں طیارے بیک وقت مختلف سمتوں میں روانہ ہوئے، جس کے بعد 'پرچم کا چکر' فارمیشن میں ایک طیارہ باقی طیاروں کے گرد گھوما۔

ایجنسی کے مطابق فضائی شوز کا اگلا مرحلہ 26 اور 27 ستمبر کو الخبر میں ہوگا، جہاں مشرقی صوبے کے رہائشی فوجی طیاروں کے مظاہرے دیکھ سکیں گے۔ مشرقی صوبے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے بھی یہ قومی دن کی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع ہے۔