سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق قصیم ریجن میں واقع پرنس نایف بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ 16 فضائی کمپنیوں کے ذریعے 18 اندرونِ ملک اور بین الاقوامی منزلوں سے منسلک ہے، جو خطے کے فضائی نیٹ ورک کی مسلسل ترقی اور مملکت کے اندر اور باہر سفر کے بڑھتے مواقع کی عکاسی کرتا ہے۔

ایس پی اے کے مطابق منزلوں کے نیٹ ورک میں یہ اضافہ امیرِ قصیم کی نگرانی اور علاقے کو مختلف منزلوں سے جوڑنے کی کوششوں کے لیے ان کی معاونت سے ہو رہا ہے۔

اندرونِ ملک منزلوں میں ریاض، مدینہ منورہ، جدہ، دمام اور ابہا شامل ہیں، جبکہ بین الاقوامی منزلوں میں کویت، قاہرہ، اسلام آباد، استنبول، منامہ، دوحہ، ابوظہبی، دبئی، شارجہ، سوہاج، ملتان، خرطوم اور جیزہ شامل ہیں۔

خرطوم کو تارکو ایوی ایشن کی پروازوں کے ذریعے نیٹ ورک میں شامل کیا گیا ہے، جس کی ہفتے میں ایک پرواز (یک طرفہ) چلتی ہے۔ ایئرپورٹ کے مطابق یہ توسیع مسافروں کی ضروریات پوری کرنے، سفری تجربہ بہتر بنانے اور عالمی فضائی کمپنیوں سے اسٹریٹجک شراکت داری بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ قصیم میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اسلام آباد اور ملتان کی پروازیں وطن آمد و رفت کو آسان بناتی ہیں۔