سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جازان ریجن کے پہاڑی کیفے اپنے بلند مقامات اور قدرتی مناظر کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ حاصل کر رہے ہیں، جہاں فطرت سے لطف اندوز ہوتے ہوئے قہوہ پینے کا موقع ملتا ہے۔
الریث گورنری میں "الجبل الاسود" (کالا پہاڑ) کے کیفے 2,000 میٹر سے زیادہ بلند چوٹی پر واقع ہیں جہاں وقتاً فوقتاً بادل اور دھند پہاڑ کو چھو لیتے ہیں۔ یہاں سیاح سعودی قہوہ اور گرم و ٹھنڈے مشروبات سے لطف اٹھاتے ہیں جبکہ منظر کبھی صاف پہاڑوں اور کبھی گزرتی دھند کے درمیان بدلتا رہتا ہے۔
متعدد سیاحوں نے ایس پی اے کو بتایا کہ بادلوں اور دھند میں گھری، پہاڑوں کی طرف کھلنے والی نشستیں اس جگہ کو خاص کشش دیتی ہیں، اور مختلف نظارے نیز تصویر کشی اور سیر کے مواقع ان کیفوں کو خاندانوں اور نوجوانوں کے لیے پرکشش بناتے ہیں۔
جازان میونسپلٹی، الریث گورنری بلدیہ کے ذریعے، الجبل الاسود میں سیاحتی ریزورٹس، کیفے اور ریستورانوں سمیت سرمایہ کاری کے مواقع پیش کر رہی ہے تاکہ سیاحوں کے لیے خدمات بہتر ہوں اور علاقے کے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ پہاڑی سیر کے شوقین مقیمین کے لیے یہ جازان میں ایک نیا پڑاؤ ہے۔


