سعودی عرب کی قومی فٹ بال ٹیم نے عرب گلف کپ ’خلیجی 27‘ میں اپنی مہم کا آغاز کویت کے خلاف 1-0 کی فتح سے کیا۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق گروپ اے کے پہلے راؤنڈ کا یہ افتتاحی میچ جدہ کے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
میچ کا واحد گول 73ویں منٹ میں ہوا، جب کویتی کھلاڑی یوسف الحقان سے گیند غیر ارادی طور پر اپنے ہی گول میں چلی گئی۔
’الاخضر‘ نے پورے میچ میں برتری کا مظاہرہ کیا اور ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے تین پوائنٹس حاصل کیے، جس کے ساتھ وہ ابتدا ہی میں سیمی فائنل کی دو نشستوں میں سے ایک کی دوڑ میں شامل ہو گیا۔
میچ میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ یہ خلیجی ٹورنامنٹ کا 27واں ایڈیشن ہے جس کی میزبانی جدہ پہلی بار کر رہا ہے، اور اس میں آٹھ خلیجی ٹیمیں 6 اکتوبر تک ٹائٹل کے لیے مقابلہ کریں گی۔
اس فتح کے بعد سعودی عرب تین پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں سرفہرست ہے، جبکہ پہلے راؤنڈ کے باقی مقابلے مکمل ہونے تک کویت کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے۔


