سعودی وزارت حج و عمرہ نے اندرون ملک سے عمرہ کرنے والوں کے لیے قومی آگاہی مہم شروع کی ہے۔ اس کا مقصد شہریوں اور مملکت میں مقیم افراد کو ان کے حقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا اور قابل اعتماد ذرائع سے عمرہ کی ادائیگی کے دستیاب اختیارات کے بارے میں بتانا ہے تاکہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کر سکیں اور اپنی ضرورت کی خدمات کا انتخاب کر سکیں۔

مہم میں سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش شعبوں کے متعدد ادارے شریک ہیں۔ ان میں حج و عمرہ، داخلہ، خارجہ، ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز، تجارت، بلدیات و ہاؤسنگ اور صحت کی وزارتیں نمایاں ہیں، جبکہ کئی علاقوں کی اتھارٹیز، امارات اور بلدیاتی ادارے بھی حصہ لے رہے ہیں۔

مہم سوشل میڈیا، ذرائع ابلاغ، شریک اداروں کے اکاؤنٹس اور سرکاری ایپس کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔ اس میں بصری، تحریری اور صوتی مواد کے ساتھ کئی زبانوں میں پیغامات شامل ہیں جو معتمر کے حقوق، خدمات، تقاضے اور منظور شدہ ذرائع کی وضاحت کرتے ہیں۔ مشترکہ نگرانی کی کارروائیوں اور ان کے نتائج کی کوریج بھی کی جائے گی۔

وزارت نے کہا کہ یہ مہم شہریوں اور مقیمین کے لیے سال بھر عمرہ آسان بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جو قیادت کی ہدایات اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے جو افراد عمرہ کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کے لیے یہ مہم منظور شدہ ذرائع اور اپنے حقوق کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔