مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور دینیہ کے سربراہ عزت مآب شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن عبدالعزیز السدیس نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے لیے عمرہ و زیارت سیزن 1448ھ کا آپریشنل منصوبہ شروع کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی زائرین کے لیے مذہبی اور علمی خدمات کے ایک مربوط نظام کا آغاز ہو گیا۔

شیخ السدیس نے وضاحت کی کہ منصوبہ مذہبی خدمات کے معیار کو بلند کرنے، عملی تیاری بڑھانے اور مختلف شعبوں اور انتظامیہ کے درمیان ہم آہنگی مضبوط کرنے پر مبنی ہے، تاکہ معتمرین اور زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے میں علمی، دعوتی اور آگاہی پروگرام اور اقدامات کے ساتھ مذہبی خدمات کے نظام کی ترقی بھی شامل ہے۔ اس سے حرمین شریفین کی خدمت کے حوالے سے قیادت کی امنگوں کی تکمیل ہو گی اور دنیا بھر سے آنے والوں کے لیے مسجد نبوی کا علمی و دعوتی پیغام مزید مؤثر ہو گا۔

پاکستان سمیت مختلف ممالک سے عمرہ اور مدینہ منورہ کی زیارت کے لیے جانے والے زائرین اس سیزن میں ان خدمات سے مستفید ہو سکیں گے۔